اسلام آباد، 04 دسمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم ممبر ریاستوں کے درمیان باہمی روابط و تعاون کا اہم ذریعہ ہے۔ وزارتِ خارجہ میں آج اقتصادی تعاون تنظیم کے دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے گذشتہ سال پہلی مرتبہ ای سی او دن منایا اور اب ہم اس دن کو سالانہ بنیادوں پر باقاعدگی سے مناتے رہیں گے۔ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے ریل ، روڈز ، بندر گاہوں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے روابط کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ای سی او علاقائی امن اور ترقی کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے ، جو کہ دور جدید کی ایک اہم ضرورت ہے۔باہمی تعاون اور تجارت کے فروغ کے لیے تمام ممبر ریاستیں متفق ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ممبر ریاستوں نے مل کر بین الاقوامی مسائل کا سد باب کرنا ہے۔ اب یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ان تمام مقاصد کو حاصل کریں جو کہ روز اول سے اقتصادی تعاون تنظیم کے بنیادی فریم ورک میں شامل ہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے مختلف سطح پر رکن ممالک کے عوام کے مابین رابطوں اور تعاون کو بھی بڑھایا جائے۔ ای سی او ایک ایسا بلاک ہے جو جغرافیائی لحاظ سے مغرب اور جنوبی ایشیا سب کو یکجا کرتا ہے۔ ای سی او ممالک قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں ۔
پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کی خاطر تمام رکن ممالک کے مابین علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کو بڑھانے کے لئے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
تقریب میں اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سفیروں اور مندوبین نے شرکت کی۔
حمزہ رحمٰن/ نیوز ڈیسک
اے پی پی وی این ایس اسلام آباد











