صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سمندری حدود کے تحفظ کیلئے پاک نیوی کے کردار کی تعریف

244

 

لاہور20دسمبر(اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے،پاک نیوی  نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم اپنے پانیوں کی حفاظت کر سکتے ہیں،گوادربندرگاہ  سے جلد عالمی تجارت شروع ہو رہی ہے۔

میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  کا کہنا تھا کہ میری ٹائم سکیورٹی وکشاپ کا اہتمام ایک اچھا اقدام تھا،نیوی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مزید بحری جہاز بنائے جائیں ،پاکستان نیوی کے انجینئرز بہت با صلاحیت ہیں۔

صدر مملکت  نے کہا کہ کراچی کے ساحل پر بہت زیادہ ماحولیاتی آلودگی ہے جس کی وجہ سے سمندری حیات کوبھی خطرہ ہے جبکہ کراچی میں پینے کے پانی کا مسئلہ بھی سنگین  صورتحال اختیا ر کر چکا  ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ساحلوں پر مینگرووز کی پیداوار کم ہو رہی ہے،حکومت کو ساحلوں اور سمندری آلودگی کا بخوبی احساس ہے۔ماہی گیری کے شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات اورسمندری حیات کی بقاء کیلئے کاوشیں کرنا ہوں گی ۔

ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،ملک میں سیاحت کے فروغ سے معیشت کو استحکام ملے گا۔

صدرمملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئے پاکستان کے لیے بہت پر امید ہوں،ایمان ، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر چلتے ہوئے پاکستان کو آگے لیکر جانا  ہے۔

اے پی پی /حمزہ رحمان/حامد بلال

وی این ایس