صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی سول سروسز کے تربیتی اداروں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت

267

اسلام آباد، 18 دسمبر (اے پی پی):  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سول سروسز تربیتی اداروں کو یہ امر یقینی بنانا چاہئے کہ افسران کو دی جانے والی تربیت کا معیار جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو اور پاکستان کے عوام کو خدمات کی فراہمی کیلئے ان کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز ہونی چاہئے۔

 نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کو اسی قسم کے قومی اور بین الاقوامی اداروں کی طرف سے تربیت کیلئے بروئے کار لائی جانے والی بہترین مہارتوں کا مطالعہ اور ان سے استفادہ کرنا چاہئے۔

   ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی عظمت علی رانجھا نے گذشتہ اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔انہوں نے بورڈ کو موجودہ تربیتی کورسز، فیکلٹی کے معیار اور تقاضوں اور سکول کے عمومی ملازمین کی بہبود کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ افسران کو پیش کئے جانے والے مختلف کورسز کا دورانیہ کم کرنے پر بھی غور کرنا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں افسران کو تربیت فراہم کی جا سکے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے سکول میں زیادہ محققین اور ماہرین تعلیم شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اوراخراجات کے حوالہ سے کفایت شعاری کی پالیسی کی بھی سختی سے پیروی کرنے کی ہدایت کی۔

 بورڈ آف گورنرز نے گذشتہ اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ صدر نے ہدایت کی کہ ایجنڈے کو بروقت نمٹانے کیلئے بورڈ کے اجلاس بکثرت ہونے چاہئیں۔

 

اے پی پی/عمار برلاس /حامد بلال

وی این ایس اسلام آباد