وزیر اعظم عمران خان کانیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ سے متعلق تمام کاروائی مزیدتیز کرنے کی ہدایت

248

اسلام آباد، 31 دسمبر (اے پی پی ): وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ہاؤسنگ ٹاسک فورس کی جانب سے  وزیرِ اعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم کو  بتایا گیا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کی منظوری کا مسودہ بہت جلد کابینہ کو پیش کر دیا جائے گا،رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کاڈرافٹ بھی ایک ہفتے کے اندر پیش کر دیا جائے گا۔ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام سے ریگولیٹری شعبے کو ڈویلپمنٹ سے علیحدہ کر دیا جائے گا۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے انٹرسٹ ریٹس کی تجاویز بہت جلد ٹاسک فورس کے ممبران سے شئیر کر لی جائیں گی۔

اجلاس میں بتا یا گیا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے تحت ڈیڑھ لاکھ ملازمین کے لئے رہائشگاہوں کی تعمیر کے لئے اظہار دلچسپی کے اشتہار پر اب تک اکتالیس پرائیویٹ کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور اٹھاسی تجاویز جمع کرائی گئیں۔ ان میں سے 25کمپنیوں نے ایک مقام پر جبکہ 14کمپنیوں کی جانب سے مختلف مقامات پر مکانات کی تعمیر اور زمین کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کے اہم منصوبوں میں سر فہرست ہے جس سے نہ صرف گھروں کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ معیشت کا پہیہ تیز ہوگا اور نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے،نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ سے متعلق تمام کاروائی کی رفتار کو مزیدتیز کیا جائے تاکہ پراجیکٹ پر عملی کام کا آغاز جلد کیا جا سکے۔

اے پی پی /احسن/حمزہ

وی این ایس اسلام آباد