پاک فضائیہ اور چینی پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس اختتام پذیر

285

اسلام آباد2،1دسمبر(اے پی پی):پاک فضائیہ اور چینی پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس کے درمیان ہونے والی مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین -VIIپاکستان کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر اختتام پذیر ہوئی۔ دو ہفتوں پر محیط اس فضائی مشق کے اختتام پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ائیر مارشل محمدحسیب پراچہ ، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز) اس اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ عوامی جمہوریہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چن ونرانگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دونوں ممالک کے اعلی عہدیداران کو اس مشق پر ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ائیر مارشل محمدحسیب پراچہ نے اس مشترکہ مشق کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں فضائی افواج کے افراد کو مشق کے شاندار انعقاد پر سراہا۔ میجر جنرل چن ونرانگ نے اپنے خطاب میں بہترین روایتی میزبانی اور ایکدوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنے پرپاک فضائیہ کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

مشترکہ فضائی مشق کے اختتام پر(Distnguished Visitors’ Day) منایا گیا۔اس تقریب میں پاک فضائیہ کے جنگی ہیروز، پیپلزلبریشن آرمی ائیر فورس(PLAAF)کے اعلی عہدیداران،چین کے سفارتکار وں کے علاوہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران شامل تھے۔معزز مہمانوں نے مشق کے معائنہ سیل کا دورہ کیا اور مشق کے انعقاد کے طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔ بعد ازاں مہمانوں نے پاک فضائیہ اور چینی فضائیہ (PLAAF) کے جدید لڑاکا طیاروں اور معاون عناصر کی فضائی مشق ملاحظہ کی۔

 

مشق کا بنیادی مقصد فضائی افواج کو حقیقی جنگی ماحول میں تربیت فراہم کرکے انکی عملی تربیت میں اضافہ کرنا ہے۔ پاک فضائیہ دنیا کی بہترین اور دوستانہ فضائی افواج کے ساتھ مشقوں میں شریک ہوتی ہے جس سے پاک فضائیہ کے افراد کو غیر معمولی تجربہ حاصل ہوتا ہے اور انکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں گرانقدر اضافہ ہوتا ہے۔

اے پی پی/حمزہ رحمٰن / شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد