ہر مذہب, سوچ اور  فکر کو عزت دینا  ریاست کی ذمہ داری ہے: شہر یار آفریدی

227

اسلام آباد ، 20 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں اقلیتی برادری کو برابری کے حقوق حاصل ہیں ،جس طرح مسجد ، مدرسہ امام بارگاہ کوئی خانقاہ کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے اسی طرح چرچ ،مندر ،گوردوارہ اور  ہر مذہب ،سوچ اور  فکر کو عزت دینا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے ۔

اسلام آباد میں ایک  مقامی ہوٹل میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہر یار آفریدی نے کہا کہ آج مجھے انتہائی خوشی ہو رہی ہے کہ یہاں پر آپ لوگ اپنی خوشی کا اظہار اپنی سوچ فکر اور عقیدے کے مطابق کر رہے ہیں ۔وزیر مملکت  نے کہا کہ ریاست پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی بات کرتی ہے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ جب وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں تو انسانی حقوق مذہب کی آزادی مذہبی مقامات کی حفاظت ان کی تمام تر ذمہ داری ریاست کی ہے ۔انہوں  نے کہا کہ میں ایمانداری سے بتانا چاہتا ہوں کہ آج میں جو کچھ ہوں اللہ اور اس کے رسول اور والدین کے بعد کیتھولک چرچ سے کانویٹ سکول کی وجہ سے ہوں جہاں سے میں نے نرسری سے لیکر میٹرک تک 11سال تعلیم  حاصل کی ۔

وزیر مملکت کا مزید  کہنا تھا کہ میری تربیت میں جو کرادر کرسیچن کمیونٹی کا ہے وہ مثالی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی  یورپ کی مختلف یونیورسٹیوں اور ہاؤس  آف کامنز  میں بطور مہمان سپیکر  خطاب کرنے کا موقع ملا تو صرف ایک چیز کو پروموٹ کیا اور وہ ہے بین المذاہب ہم آہنگی ۔انہوں نے کہا کہ جس کا انجیل پر ، حضرت بی بی مریم پر اور حضرت عیسٰی پر ایمان نہیں وہ مسلمان بھی نہیں ہے ۔

اے پی پی/وسیم / شاہ زیب

وی این ایس