اراکین قومی اسمبلی کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کو ممکن بنایا جائے گا: وزیراعظم

255

اسلام آباد، جنوری 7 (اے پی پی ): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ممبران کے حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اراکین قومی اسمبلی کی مشاورت سے مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جائے گا ۔

وزیراعظم آفس میں لاہور اور ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات میں  گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی جا سکے اور انکو فوری طورپر حل کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے ۔

ملاقات میں پارٹی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا اور ممبران نے وزیراعظم کو اپنے حلقے میں عوام کو درپیش بجلی ، گیس ،صحت عامہ اور تعلیم کے مسائل سے آگاہ کیا جبکہ ممبران نے وزیراعظم کو خارجہ پالیسی کے افق پر مختصر عرصے میں  حاصل ہونے والی کامیابیوں اور ملک کے معاشی استحکام و اقتصادی ترقی کے لیے مخلصانہ کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود ، وزیراعظم کے معاون خصو صی برائے سیاسی امورنعیم الحق اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ارشد داد بھی موجود تھے ۔

اے پی پی/ عمار برلاس /حامد

سورس: وی این ایس اسلام آباد