بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے، ترجمان دفترخارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

211

اسلام آباد،31 جنوری(اے پی پی):ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے اور افغانستان کی زمین سے پاکستان کے اندر بھی دہشتگردی میں ملوث ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پانچ فروری کو یوم کشمیر پورے عزم سے منایا جائیگا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارت میں گذشتہ رات طلب کیا گیا اورمیر واعظ عمر فاروق سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ٹیلی فونک بات چیت پر اعتراض کیا۔ پاکستان بھارت کی جانب سے ان اعتراضات کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستان نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کو بلوانے پر آج بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارتی اعتراضات کو مسترد کیا۔ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے حل ہونا چاہیے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے ہائی کمشنر کو طلب کیا جانا اپنے الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔  بھارت کو اپنا الیکشن لڑنا ہے تو اس میں ہمیں شریک نہ کرے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا  طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاملات انکا داخلی معاملہ ہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گاامید ہے کہ افغان فریقین ملکر اپنے مسائل حل کرلیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں کہ سعودی ولی عہد اس ماہ کی کونسی تاریخ کو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، ترجمان نے کہا کہ یہ انتہائی اہم دورہ ہوگا جس پر میڈیا کو باقاعدہ اطلاع دے دی جائیگی۔ تاہم ترجمان نے حتمی تاریخ پر ابھی کُچھ نہیں بتایا۔

اے پی پی /حمزہ/حامد

سورس:وی این ایس اسلام آباد