معیشت میں کافی حد تک بہتری آ چکی ، فوری ادائیگیوں کے بحران کا خاتمہ کر دیا :وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات

176

اسلام آباد ، 31 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ 2018میں پی ٹی آئی کی حکومت کو جو معیشت ورثے میں ملی تھی اس میں آج کافی حد تک بہتری کی جاچکی ہے ،حکومت نے مشکل فیصلے کرتے ہوئے فوری ادائیگیوں کے بحران کا خاتمہ کر دیا ہے ،اسی سمت اور رفتار سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بتا یا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی معیشت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ سے کابینہ کے اجلاس کا آغاز کیا گیا وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2019، جعلی اکاﺅنٹس معاملہ پر ای سی ایل میں شامل 172افراد میں سے 32کا نام جائزہ کمیٹی کو بھجوانے ،کراچی انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کابینہ ڈویژن کے ماتحت کرنے ،29ہزار انٹرنیز کو وظیفہ کی ادائیگی کے لئے وزیراعظم یوتھ ٹریننگ پروگرام کی ضمنی گرانٹ ،ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کے ٹرم اینڈ کنڈیشنز جبکہ حفیظ پاشا اور نوید حامد کو مانیٹری پالیسی کمیٹی میں بطور ممبر ،خرم حسین کو پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی کا سی ای او ،عدنان آفریدی کو این ایم ٹی کا ایم ڈی تقرری کی منظوری دید ی ہے

چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ  وزیراعظم عمران خان نے وزارت مذہبی امور کو ہدایات دیں ہیں کہ حج 2019کے لئے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ویزہ رجیم میں بھارت کو بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے ،بھارت کو ویزہ آن آرئیول کی سہولت نہیں دی جارہی ۔وزیر اطلاعات نے میڈیا کو بتایا کہ وفاق ایک سال کے دوران 5ہزار 571بلین کے ٹیکسز اکٹھے کرتا ہے، 18ویں ترمیم کے بعد ہر 10روپے میں سے 6روپے صوبوں کے پاس چلا جاتا ہے اور صرف چار روپے وفاق کے پاس رہ جاتے ہیں،پوری 18ویں ترمیم کے خلاف نہیں ہیں ،18ویں ترمیم میں 100آرٹیکلز ہیں جن میں ترمیم کی گئی ان میں صوبوں کو بااختیاربنانے سمیت دیگر ترامیم تو ٹھیک ہیں لیکن ہائیر ایجوکیشن ،صحت سمیت دیگر شعبے صوبوں کو دینے کے بعد عالمی سطح کے معاملات سے ہم باہر ہوچکے ہیں ،ان پر نظر ثانی ہونی چاہیے۔

اے پی پی/ظہیر/ شاہ زیب

وی این ایس  اسلام آباد