پاکستانی سفارتخانے ملک میں سیاحت کے فروغ کےلئے ٹورآپریٹرز سے اپنے روابط بڑھائیں :شاہ محمود قریشی

263

اسلام آباد 28 جنوری (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  کہا ہے کہ  پاکستان سیاحت کے لئے بہترین ملک ہے ،بیرون ملک موجود پاکستانی سفارتخانے ٹورآپریٹر ز سے اپنے روابط بڑھائیں ،سیاحت کے فروغ  کے سلسلے میں بہتر کردار ادا  کرنے کیلئےگندھارا فورم کو فعال بنائیں گے۔

وزارتِ خارجہ میں “شاندار گندھارا تہذیب و ورثہ” کے حوالے سے منعقدہ فورم سے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ  پاکستان میں سیاحت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں،حکومت  سیاحت کے فروغ کے لئے دنیا کے کئی ممالک کے ساتھ ویزہ نظام  کو سہل بنانے سمیت کئی مثبت اقدام اٹھا رہی ہے۔175ملکوں کیلئے ویزہ پالیسی نرم جبکہ 50 کیلئے پاکستان آمد پر ویزہ کی تجویز زیر غور ہے اور سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے باعث ویزہ پالیسی میں نرمی کی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان بھی سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا   کہ برٹش ائیرویز نے بھی پاکستان میں اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ان کو مستقبل میں نیا پاکستان بنتا نظر آرہا ہے۔ -ہم نے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان سیاحت کے لئے بہترین ملک ہے،ہم دوسرے ممالک میں اپنی سفارت خانوں سے کہیں گے کہ وہ ٹور آپریٹرز سے روابط بڑھائیں

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ  گندھارا کی ایک منفرد تہذیب ہمارے ملک میں موجود ہے ،گندھارا محض ایک تہذیب نہیں یہاں کئی تہذیبیں پلیں، پھلی پھولیں اور عروج کی منزلیں طے کرکے زوال پذیر ہوئیں۔ کئی مذاہب نے اپنےاثرات یہاں چھوڑے اور کئی اقوام کی بود و باش اور ان کی طرزِ زندگی کے نقوش یہاں موجود ہیں۔

فورم سے خیبرپختونخوا کے وزیر سیاحت عاطف خان،سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ،وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام، سفراء ،ہائی کمشنرز   اور ماہرین گندھاراتہذیب نے بھی   خطاب کیا۔

 

اے پی پی/حمزہ رحمٰن/طاہرمحموداعوان

وی این ایس اسلام آباد