پاکستان کی ترقی کا راز معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں پوشیدہ ہے: صدر مملکت عارف علوی

284

اسلام آباد، جنوری 10 (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا راز معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں پوشیدہ ہے اور تعلیم ہی لوگوں کو غربت سے نکالنے کا بہترین طریقہ ہے ۔

ایوان صدر میں بلتستان یونیورسٹی ،سکردوکے طلباء سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ملک کا خوبصورت اور اہم ترین علاقہ ہے۔ یونیورسٹیاں طلباء کو نئے ابھرنے والے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائیں۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ مصنوعی ذہانت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، طلباء اور یونیورسٹیاں اس پر عبور حاصل کرنے پر توجہ دیں،کراچی میں صدارتی اقدام برائے مصنوعی ذہانت کا اجراء کر دیا گیا ہے اور اسے جلد دوسرے شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔آئندہ پانچ سال میں اس شعبے کی برآمدات کو کئی گنا بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران گلگت بلتستان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔ اس شعبے پر مزید توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ سیاحت کا فروغ اس علاقے کی معاشی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

اے پی پی / عمّار برلاس/طاہرمحموداعوان

سورس: وی این ایس اسلام آباد