چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا بحرین اوراردن کیساتھ اقتصادی سطح پر تعلقات کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور

247

اسلام آباد، 03 جنوری  (اے پی پی ): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بحرین اور اردن کیساتھ تاریخی، ثقافتی، سماجی اور پارلیمانی روابط کو اقتصادی سطح پر مستحکم کرنے کی ضرورت  پر زور دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد سے  ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے بحرین کی قیادت کو انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دی اور ایوان نمائندگان کی پہلی خاتون سپیکر فوزیہ عبداللہ یوسف کو بھی سپیکر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل اور اقوام کے مابین بہتر تعلقات کے فروغ کے لئے کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت اور اقتصادی معاونت کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

قبل ازیں چیئرمین سینیٹ نے ا اردن کے سفیر میجر جنرل ریٹائرڈ ابراہیم یالی سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ  کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے اور پاکستان اور اردن کو کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر  بھی زور دیا اور پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی خواہش  کا اظہار کیا ۔

اے پی پی /سحر/حامد

سورس : وی این ایس، اسلام اباد