اسلام کی ترویج میں صوفیا کرام کے کردار سے نوجوان نسل کو روشناس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے:وزیر اعظم عمران خان

362

اسلام آباد،25فروری(اے پی پی ): وزیرِ اعظم نے کہا کہ اسلام کی ترویج میں صوفیا کرام کے کردار اور تصوف کے بارے میں نوجوان نسل کو روشناس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تصوف اور اسلام کی ترویج میں صوفیاء کرام کی خدمات کو اجاگر کرنے اوران شخصیات پر تحقیق کے فروغ کے سلسلے میں تعلیمی و تحقیقی ادارے کے قیام کے حوالے سے  اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ایسے ادارے کا قیام  ہونا چاہیے کہ جہاں خاص طور پر تصوف اور صوفیا کرام کی شخصیات اور انکی خدمات کے بارے میں سیر حاصل اور اصل  تحقیق ہو ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسے ادارے کے قیام اور اس میں ہونے والی تحقیق سے نہ صرف نئی نسل اسلام کی اصل تعلیمات سے آگاہی  ہو  گی بلکہ مذہب کے نام پر کیے جانے والے استحصال سے بھی معاشرے کو بچایا جا سکتا ہے۔

اس ضمن میں وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری، چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، خواجہ شیراز محمود اور میاں محمد حنیف پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو تصوف اور سیرت سٹڈیز کے قیام کے حوالے سے عملی خاکہ (کانسیپٹ پیپر) مرتب کرکے وزیرِ اعظم کو پیش کرے گی۔

اجلاس میں درگاہوں اور مزارات پر زائرین کو مناسب سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ  اوقاف کی غیر استعمال شدہ زمینوں کو برؤے کار لانے اور انکے مصرف کے لئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے تاکہ نہ صرف ان اراضیوں پر بعض مقامات پر ہونے والے ناجائز قبضوں کوواگزار کرایا جا سکے بلکہ انکا مناسب استعمال بھی یقینی بنایا جا سکے تاکہ ان سے ہونے والی آمدنی کو درگاہوں اور زائرین کو سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جا سکے۔

اجلاس میں وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری، وزیر برائے نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان، وزیر اوقاف پنجاب پیر سید سعید الحسن، وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب یاسر ہمایوں سرفراز، ایم این اے خواجہ شیراز محمود، چئیرمین ہائر ایجوکیشن طارق بنوری، چئیرمین مدینہ فاؤنڈیشن میاں محمد حنیف، پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شاہ تاج، خواجہ قاسم سیالوی و متعلقہ محکموں کے سینئر افسران شریک تھے۔

اے پی پی /حمزہ(18:57)/حامد(19:07)

وی این ایس ، اسلام آباد