لاہور،5 جون ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے ملاقات کی، جس میں اقلیتی حقوق، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی حقوق کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی حکومت اور حکومتِ پنجاب کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مواقع کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
سردار رمیش سنگھ اروڑا نے چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے قومی کمیشن برائے اقلیتی امور کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور جامع، روادار اور حقوق پر مبنی معاشرے کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔











