امن کے لئے بھارت سے بھیک نہیں مانگیں گے: وزرا ء آزاد کشمیر

160

اسلام آباد،  28 فروری  (اے پی پی): سپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر ، سینئر وزیر طارق محمود اور  وزیر صحت ڈاکٹر نجیت نقی خان نے کہا   ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں مگر اس کے لیے بھیک نہیں مانگ سکتے۔  بھارت کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، گھروں پر چھاپے اور نوجوانوں کی گرفتاری کشمیریوں کے عزم خود ارادیت کو پسپا کرنے میں کامیات نہیں ہو سکی۔

جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سشما سراج کو اسلامی کانفرنس کی تنظیم میں مدعو کرنے کی مخالفت کی ہے جس پر انہیں خراج پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان سفارتی سطح پر مزید کوشش بھی کرے گا کہ بھارتی وزیر اس کانفرنس میں شریک نہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا جو کہ خوش آئند ہے۔ اس اجلاس سے تاثر ملا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر ہیں۔

سینئر وزیر طارق محمود نے کہا کہ پلوامہ کے واقعے کو بھارت بے بنیاد وجہ بنا کر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے جس میں وہ ہرگز کامیاب نہیں ہو سکتا،  بھارت کی جارحیت کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر نجیت نقی خان نے کہا کہ ایمرجنسی کے لیے ہسپتالوں اور ڈسپنسریز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور کشمیر کے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

سورس:  وی این ایس اسلام آباد