بلجیم : کشمیریوں سےاظہار یکجہتی کیلئےاحتجاجی مظاہرہ، شمعیں بھی روشن کی گئیں

291

برسلز،05فروری(اے پی پی ):بلجیم کے دارالحکومت برسلزمیں مظاہرین نے موم بتیاں جلا کر کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کااظہارکیا گیا۔ مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ نے یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر چار فروری کی شام کو برسلز کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے سامنے کیا جس میں بڑی تعداد میں زندگی کے ہرطبقے اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مظاہرین  نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین کی قیادت کشمیرکونسل یورپ کے سینئر عہدیدار چوہدری خالد محمود جوشی کررہے تھے، مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔

مظاہرے میں شریک اہم شخصیات میں میرشاجہان، چوہدری جاوید، شیخ ماجد، سلیم میمن، کنتھ رائے، شمیم شاہ، مہرندیم، راجہ قیوم، ملک اختر اور اشتیاق احمد بھی شامل تھے۔

اس موقع پر مقررین نے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیرکے منطقی اور منصفانہ حل تک کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے رہیں گے۔ انھوں نے بھارتی مظالم کی مذمت کی اور مقبوضہ میں گذشتہ چند عشروں کے دوران شہید ہونے ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی ظاہرکی۔  انھوں نے خاص طورپر یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے اپنا کرداراداکرے۔

اے پی پی / منظور عالم/حامد

وی این ایس، اسلام آباد