اسلام آباد،27 فروری (اے پی پی): پاک بھارت موجودہ تنائو کے اہم موقع پر دوست ممالک پاکستان کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں،چین ،سعودی عرب ،ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو ٹیلفون کر کے اپنے تعاون کا یقین دلا دیا ۔
بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں عسکری قیادت کی جانب سے پارلیمانی رہنمائوں کو موجودہ صورتحال پر بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ بریفنگ کے دوران انہیں سعودی عرب ،چین اور ایران کے وزرائے خارجہ نے ٹیلفون کر کے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انھوں نے چین اور ایران کے وزرا خارجہ کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیا جس کے جواب میں انھوں نے بھی پاکستان کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی اور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے بھی ٹیلفون کر کے سعودی ولی عہد کا پیغام پہنچایا اور خطے میں کشیدگی کم کرکرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی، جس پر انھوں نے سعودی وزیر خارجہ سے کہا کہ اگر سعودی عرب اس سلسلے میں کوئی کردار ادا کرے گا تو ہمیں خوشی ہوگی ،،
عسکری قیادت کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے حوالے سے وزیر خارجہ نے بتایا کہ آج کی بریفنگ میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی قیادت نے شرکت کی ، شرکا کو وزارات خارجہ کے روابط اور حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی سیاسی قیادت کو موجودہ صورتحال ،فوج کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا ۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ بریفنگ میں شرکت کرنے پر اپنی اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تمام پارلیمانی قیادت کے شکرگزار ہیں ۔
اے پی پی /حمزہ
سورس: وی این ایس، اسلام آباد