سیاسی مقاصد کے لئے خطے کا امن خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

229

اسلام آباد ،27 فروری (اے پی پی ) : وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج پھر وزیراعظم نے  بھارت کو  مذاکرات کی پیشکش  کی ہے، سیاسی مقاصد کیلئے خطے کا امن خطرے میں  ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ بھارت میں بھی سوشل میڈیا پر ’’نوٹو وار ‘‘ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

بحریہ یونیورسٹی  میں بین الاقوامی میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ  کسی کو بھی سیاسی مقاصد کیلئے خطے کا امن خطرے میں  ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ بھارتی جارحیت کے بعد پوری قوم متحد ہوچکی ہے۔ اسلام میں انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔صوفیائے کرام کا کردار تمام معاشروں کیلئے لائق تقلید ہے۔

چوہدری فواد حسین نے مزید کہا کہ ہمیں امن کیلئے صوفیائے کرام کے کردارپرعمل پیرا ہونے کی ضرورت ہےپاکستان کی معاشرتی اقدار مضبوط ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 70ہزار سے زائدجانوں کی قربانی دی۔ قبائلی علاقوں کے غیورعوام نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دیں ۔ ملک میں امن کی بحالی پر سکیورٹی فورسز  کے مشکورہیں۔ دہشت گردی کے بعد انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بھی کامیاب ہونگے۔

اے پی پی/ ناہید

سورس: وی این ایس،اسلام آباد