اسلام آباد، 22 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کا کہنا ہے کہ حکومت کا ہدف خط غربت سےنیچے زندگی گزارنے والوں کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے پمز ہسپتال کے احتجاج کرنے والے ملازمین سےبات کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ڈاکٹرز کی بہتری میں ہی مریض کی بہتری ہےاور حکومت چاہتی ہے کہ پمز ہسپتال کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی قانون پاس نہیں ہوا جس سے ورکرز اور ڈاکٹرز متاثر ہونگے،ہم جو بھی کام کرینگے وہ مشاورت سے ہوگا۔ حکومت کی ترجیح عوام اور ان کی صحت ہے۔
وزیر صحت نے پمز ہسپتال کے ملازمین کو یقین دلایا کہ ان کے پے سکیل کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا اور معطل کئے گئے ملازمین کو بھی بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز کی فلاح کے لیے بھر پور کام کیا جائے گا اور ڈاکٹرز کی بھی ہیلتھ انشورنس کی جائے گی۔
اے پی پی/فواد/فرح
وی این ایس اسلام آباد