اسلام آباد،07فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کا دفتر نیب کے کیسز بھگتنے والے لوگوں کو تفتیش سے بچانے کے لیے استعمال ہو نے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےشہباز شریف سے فوری طور پی اے سی کی سربراہی سےمستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے دفتر کوسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے،اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کو پی اے سی کا ممبر بنانے کی باتیں کی گئیں ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں اشیائےضروریات کی قیمتوں کے تعین کا جائزہ لیا گیا ہے،مسلم لیگ ن کے دور میں مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا۔ سبزی اور دالوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ پٹرولیم کی قیمتوں میں بھی کمی کا ٹرینڈ سامنے آیا ہے۔ پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے جو قیمتوں کا جائزہ لے گی۔
چوہدری فواد نے کہا کہ کابینہ اجلاس نے گیس کے بلوں میں اضافہ پر ایکسٹرنل آڈٹ کی ہدایت بھی دی ہے،روز مرہ اشیا کی قیمتوں کے حوالے سے موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کرائی جارہی ہے۔ منافع خوری کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کوشش تھی کہ 70 فیصد لوگ گیس قیمتوں میں اضافے سے متاثر نہ ہوں۔ مسلم لیگ نون کے دور میں مہنگی گیس کا معاہدہ کیا گیا جس پر سبسڈی دینی پڑتی ہے۔ 23 فیصد عوام قدرتی گیس استعمال کرتی ہے۔ ہم قیمتوں کے حوالے سے مستحکم نظام وضع کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رضا ربانی اور مشاہد اللہ نے غیر قانونی طور پر منسٹر انکلیو میں گھروں میں قبضہ کیا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ الاٹمنٹ کے مطابق کارروائی کی جائے۔
اے پی پی/ ناہید /حامد
وی این ایس، اسلام آباد