صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوص اجلاس سے خطاب

254

مظفرآباد،5 فروری (اے پی پی):صدر ڈاکٹرعارف علوی نے یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوص اجلاس سے خطاب کے دوران بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، اظہار رائے کی آزادی فراہم کی جائے تاکہ لوگ اپنی بات کرسکیں، نہتے عوام پر آتشیں اسلحہ کا استعمال بند کیاجائے، پیلٹ گنز کا استعمال وحشیانہ ہے اس پر پابندی لگائی جائے،مقبوضہ کشمیر میں رائج جارحانہ اور کالے قوانین واپس لئے جائیں،مقبوضہ کشمیرکی قیادت کو سفر کی اجازت دی جائے تاکہ کشمیری قیادت عالمی برادری کے سامنے اپنا نقطہ نظر پیش کرسکے، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کے عالمی مبصرین کو رسائی فراہم کی جائے، عالمی میڈیا اور سوشل میڈیا کے رابطے برقرار رکھے جائیں تاکہ غلط اور صحیح کا پتہ چل سکے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جاننے کیلئے اقوام متحدہ ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے تاکہ کشمیری مسلمانوں اور پاکستان کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے ہوسکیں۔

 صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نےآزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں شرکت کی ،5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا تاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کی جاسکے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیرکے وزیراعظم راجا فاروق حیدرخان، قانون ساز اسمبلی کے سپیکرشاہ غلام قادر، گلگت بلتستان کے وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن اور ان کی کابینہ کے اراکین سمیت خصوصی اجلاس میں شرکت کرنے والی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی حکومت اورعوام مقبوضہ کشمیرکے مجبور اور مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں جوگزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کی پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرپرصرف کشمیریوں کا حق ہے اور اس کا فیصلہ بھی اہل کشمیرہی نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرکے عوام قابض اور جارح بھارتی قوتوں کے تسلط کو تسلیم نہیں کرتے اور اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پانچ فروری کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے اور اس دن ہی اقوام متحدہ نے اپنی سابقہ قراردادوں کے پیش نظرا یک نئی قرارداد کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کا تسلیم کیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ ہم ہر سال اس دن کو یوم یکجہتی کے طور پر مناتے ہیں۔

اے  پی پی / احسن /حامد

وی این ایس، اسلام آباد