اسلام آباد،25فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں بلدیاتی نمائندے بااختیار اور براہ راست عوام کو جوابدہ ہوں گے، گیس بلوں کے حوالہ سے موصول شدہ شکایات کی تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بات پیر کو ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، سیّد فخر امام، ظہور حسین قریشی، احمد حسین ڈاہر، ملک محمد عامر ڈوگر، مخدوم زین حسین قریشی، محمد ابراہیم خان، میاں محمد شفیق، طاہر اقبال اور اورنگزیب خان کھچی بھی شریک تھے۔ ارکان اسمبلی نے حکومت کی صحت، تعلیم، غربت کے خاتمہ اور کم آمدن افراد کیلئے گھروں کی تعمیر کے منصوبوں اور مختلف دیگر شعبوں کیلئے کی جانے والی اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں ٹیوب ویل کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی، ٹریکٹر کی قیمت میں کمی جیسے اقدامات سے کسانوں کیلئے فی ایکڑ پیداواری لاگت میں 2500 سے 3 ہزار روپے کمی آئی ہے جس سے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
اے پی پی/ عمار برلاس(21:42)/حامد(21:47)
وی این ایس اسلام آباد