کراچی، 23 فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے اور علم کے فروغ سخت محنت اور ایمان داری سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے،معاشرے سے غربت کے خاتمے کے لیے علم کا فروغ ضروری ہے، تعلیم کے ساتھ تربیت اور انسانی ہمدردی بھی ضروری ہے۔
ہمدرد یونیورسٹی کراچی کے سالانہ کانو وکیشن سے خطاب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے تعلیم مکمل کرنے کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، نئے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ہمیں نئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں تبدیلی کے لیے اسلامی روایات اور معاشرتی اقدار کو فروغ دینا ہوگا۔
ہمدرد یونیورسٹی کے بانی حکیم محمد سعید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکیم سعید اور عبدالستار ایدھی جیسے عظیم لوگوں سے ہی قوموں کی تعمیر اورمستقبل کا تعین ہوتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہمدرد یونیورسٹی کی چانسلر سعید راشد نے کہا کہ ادارے سے فارغ التحصیل طالب علم ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے ادارے کے اغراض و مقاصد بیان کیئے۔
فارغ التحصیل طالب علموں نے ملک کی ترقی اور نئے پاکستان کے حوالے سے صدر مملکت کے خیالات کو سراہا۔
بعد ازاں میں صدر مملکت نے کامیاب طلبہ و طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی۔ اس موقع پر صدر مملکت کو عکس مورونبویﷺ اور ہمدرد یونیورسٹی کا سونیئر پیش کیا گیا۔
اے پی پی /کراچی/حامد
سورس:وی این ایس ، کراچی