اسلام آباد، فروری 24(اے پی پی):وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت یہ خیال دل سے نکال دے کہ پاکستان کسی دباؤ میں آئیگا، ، پاکستان امن پسند ملک ہے، کشیدگی کم کرنے کی کوشش کررہا ہے، بھارت کو واضح پیغام ہے کہ کسی جارحیت کے نتیجے میں ایسا سوچنا بھی مت کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے، پاکستانی قوم ایک مٹھی کی شکل اختیار کرچکی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کوختم کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن بھارت کیجانب سے مقبوضہ کشمیر میں 10ہزار مزید فوجیوں کو بھیج جا رہا ہے، خوراک کا اضافی ذخیرہ بھیجا جا رہا ہے، بھارتی حکومت غیر ذمے دارانہ رویہ بند کرے۔
وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ معصوم کشمیریوں کا قتل عام بند کیا جائے، کشمیری خوف میں مبتلا ہیں، دکانیں بند، بازار بند ہیں۔ لوگوں کی جائیدادوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، گاڑیاں جلائی جا رہی ہیں، سرچ آپریشن کیے جارہے ہیں۔ درجنوں گرفتاریاں کی جارہی ہیں، حریت لیڈرشپ کو کشمیر سے نکال کر دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے۔اب محبوبہ مفتی بھی کہتی ہیں کہ آپ سوچ کو قید نہیں کرسکتے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی نسل ایک نئی نسل ہے، ان کے جذبات کو دبایا نہیں جاسکتا۔ ہندوستان میں سوچ رکھنے والوں کو اپنی حکومت کو پیغام دینا چاہیے کہ پورے خطے کے امن کو داؤ پر مت لگائیں، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا ایک قیدی شاکراللہ وہاں قید کاٹ رہا تھا جسے دیگر قیدیوں نے حملہ کر کے قتل کر دیا اور پولیس تماشائی بنی رہی ، انہوں نے کہا کہ بی جے بی خطے میں جنونی رویہ ترک کرے، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، تمام ادارے اور پاکستان کا بچہ بچہ اپنے ملک کی حفاظت کے لیے متحد ہے۔
اے پی پی/وسیم/حامد
وی این ایس،اسلام آباد











