وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اوقاف اور متروکہ املاک کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

270

اسلام آباد، 12 فروری( اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اوقاف اور متروکہ املاک کی جائیداوں کو مفاد عامہ کے منصوبوں کے لئے استعمال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور  نے  وزیرِ اعظم کو ننکانہ صاحب میں 700مربع اراضی جس میں زرعی اراضی بھی شامل ہے واگذار کرانے پر پیش رفت پر بریفنگ دی۔ متروکہ املاک بورڈ کے چئیرمین کی تعیناتی ، متروکہ املاک کے حوالے سے ٹاسک فورس اور سکھ گردوارہ پر ابندھک کمیٹی کے قیام پر اب تک کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔  اجلاس میں وزیرِ اعظم کو محکمہ اوقاف پنجاب کی املاک اور محکمے کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے  بارے میں   بھی آگاہ کیا گیا اور  بتایا گیاکہ محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام 435مساجد،544مزار اور71101ایکڑ جائیداد ہے۔ محکمہ اوقاف نے  وزیر  اعظم کو آمدنی اور اخراجات پر بھی بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ متروکہ املاک کی دو سو ارب سے زائد جائیدادوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے جن میں پندرہ ہزار چھ سو انیس یونٹ اور چھیالیس ہزار آٹھ سو پچاسی سب یونٹس ہیں۔ متروکہ املاک کے پلازوں سے حاصل ہونے والی سالانہ آمدنی چالیس کروڑ ہے جو کہ اصل آمدنی سے نہایت کم ہے۔

 اس موقع پر وزیرِ اعظم نے  چئیرمین متروکہ املاک کی تعیناتی اور ٹاسک فورس کی تشکیل کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ مزاروں، خانقاہوں اور متروکہ عمارات کی مرمت اور دیکھ بھال پر آنے والے اخراجات کا اندازہ لگا کر بقیہ آمدنی کو رفاح عامہ کے منصوبوں کے استعمال کے لئے جامع پروگرام تشکیل دیا جائے۔ متروکہ املاک کو سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے صحت، تعلیم ، پناہ گاہوں اور پبلک ویلفیئر کے مقاصد کے لئے برؤے کار لانے کے لئے بھی لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔

صوبائی وزیر اوقاف کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات پر وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی  گئی جس میں نئی ویب سائٹس کا اجراء، وضو کے پانی کا دوبارہ استعمال، خانقاہوں میں کیش باکسز (گلہ) کی ماڈرنائزیشن، مزاروں پر جوتے رکھنے کی فیس کو ختم کرنا، فیلڈ سٹاف کو مانیٹرنگ کے لئے جدید آلات کی فراہمی، مذہبی سیاحت کا فروغ وغیرہ جیسے اقدامات شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم کو القادریونیورسٹی برائے صوفی ازم و روحانی تعلیمات کے قیام پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیرِ برائے مذہبی امور نور الحق قادری ، صوبائی وزیرِ اوقاف پنجاب سید سعید الحسن ، سیکریٹری مذہبی امور محمد مشتاق احمد  اور دیگر افسران  نے شرکت کی۔

اے پی پی/احسن/فاروق

وی این ایس،اسلام آباد