پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان ، 100 انڈیکس میں 128.98 پوائنٹس کی کمی

280

اسلام آباد ، فروری27 (اے پی پی): پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو کاروبار میں منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور ہنڈرڈ انڈیکس 128.98 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 38,692.69 پوائنٹس پر بند ہوا۔

 بازار حصص میں آج کاروبار کا آغاز منفی رجحان سے ہوا اور سرمایہ کار محتاط نظر آئے ۔ کاروبار کے آغاز پر ہنڈرڈ انڈیکس 38 ہزار 821 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا تھا ابتدا ئی ایک گھنٹے میں ہی انڈیکس میں پہلے191 پھر 340 اور پھر 979 پوائنٹس تک کی کمی ہو گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس 38 ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی نیچے آ کر 37ہزار 841 پوائنٹس پر چلا گیا. پہلے سیشن میں ہی ایک وقت میں انڈیکس میں 1487 پوائنٹس تک کی کمی ہو گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس 37ہزار 333 پوائنٹس پر پہنچ گیا ۔ اس کے بعد مارکیٹ میں کچھ بہتری نظر آئی لیکن اس کے باوجود انڈیکس منفی زون سے نہ نکل سکا اور مجموعی طور پر پہلے سیشن کے دوران انڈیکس زیادہ تر منفی زون میں ہی ٹریڈ کرتا رہا ۔

 دوسرے سیشن میں انڈیکس میں بہتری دیکھنے میں آئی پہلے انڈیکس منفی 1487 سے منفی 736 پوائنٹس تک آیا اور کچھ دیر میں منفی 349.3 پر پہنچ 38ہزار 472 پوائنٹس تک آگیا۔ ایک وقت پر انڈیکس منفی زون سے نکل کر مثبت زون میںبھی داخل ہو ا اور انڈیکس میں 36.23 پوائنٹس تک کا اضافہ بھی دیکھنے میں آیا لیکن یہ اضافہ لمحاتی ثابت ہو ااور ایک بار پھر مارکیٹ منفی زون میں داخل ہو گئی اور اس کے بعد کاروبار کے اختتام تک منفی زون سے نہ نکل سکی ۔

آج کے ایس ای 30 انڈیکس میں40.77 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد30 انڈیکس 18,662.46 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 96.82 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ28,245.41 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں آج 78 ہزار 995 سودوں میں 27کروڑ33 لاکھ سے زائد شیئرزکا کاروبار 10ارب 25کروڑ روپے سے زائد میں ہوا ۔

 آج سب سے زیادہ اضافہ پاک ٹوبیکو، ملت ٹریکٹرز اور اٹک پیٹرولیم کے شیئر زکی قیمتوں میں ہوا جبکہ سب سے زیادہ کمی رفحان میز، باٹا پاکستان اور انڈس موٹرز کے شیئرز کی قیمتوں میں ہوئی ۔ کاروبار کے لحاظ سے بی او پنجاب ،کے الیکٹرک، فوجی سیمنٹ، اینگرو پولیمر،

 لوٹے کیمیکلز اور پاک انٹرنیشنل بلک سرفہرست رہے۔

اے پی پی / سعیدہ(16:10)/حامد(16:15)

وی این ایس، اسلام آباد