پاکستان دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز

371

ریاض(سعودی عرب)، 08 فروری (اے پی پی): سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی مقیم پاکستانیوں نے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے لئے تقریب کا اہتمام کیا جس میں مقررین نے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کی بھرپور مذمت کی  اور   بھارت کو خبردار کیا کہ پاکستانی قوم کشمیری جدوجہد آزادی کا ہر فورم پر ساتھ دے گی۔

سفارت خانہ پاکستان کے زیراہتمام منعقد ہونے والی ” یوم کشمیر ” کی تقریب میں سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی اور کشمیریوں نے شرکت کی جبکہ پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز کے علاوہ دیگر سفارتی عملے نے بھی شرکت کرکے کشمیریوں کو اپنی بے لوث حمایت کا یقین دلایا۔  اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر میں دس ہزار سے زائد قبرستان اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ کس طرح بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ، عالمی طاقتوں کو چاہئیے کہ وہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کا نوٹس لیں اور بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں  کے قتل عام کو روکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور یہ رشتہ کشمیر کی آزادی تک قائم رہے گا اور پاکستانی قوم تحریک آزادی کے متوالوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو آٹھ لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوج کا سامنا کر رہےہیں۔

یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے راجہ علی اعجاز نے کہاکہ پاکستان دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑے گا اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتا رہے گا بھارت جہاں گزشتہ اکہتر سالوں سے کشمیریوں پر ظلم وستم روا رکھے ہوئے ہے وہیں پر بھارت پاکستان پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر دنیا کی توجہ دوسری جانب مبذول کروانا چاہتا ہے۔  پاک بھارت بارڈر دنیا کا سب سے سیکیورٹی سے بھرپور بارڈر ہے جہاں سے کسی قسم کی دراندازی ممکن ہی نہیں مگر بھارت اس حوالے سے جھوٹا پروپگنڈہ کرنے سے باز نہیں آتاکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے قرارداد بھی پیش کی گئی جسے پاک میڈیا فورم کے چیئرمین الیاس رحیم نے اور دیگر کشمیری افراد کے ہمراہ پاکستان کے سفیر  کو پیش کیا گیا۔

تقریب سے تصدق گیلانی، حافظ عبدالوحید،زاہد لطیف سندھو، سردار رزاق، احسان دانش، شمشاد احمد صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کرکے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔

اے پی پی/امیر محمد/نورین

وی این  ایس  ریاض