پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر آزاد تحقیقاتی کمیشن کا مطالبہ

227

اسلام اباد، 06 فروری  (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو جانچنے کے لئے آزادتحقیقاتی کمیشن تشکیل  دینا  ضروری ہے ، تین دہائیوں میں ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج شہید کرچکی ہیں۔

  مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق لندن میں منعقدہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے  کہا کہ   پاکستانی ایوان بالا  کے ارکان بھی کشمیریوں سے یک جہتی کے لئے یہاں موجود ہیں، مقبوضہ جموں وکشمیر کے جرات مند اور بہادر کشمیریوں کے حوصلوں  اور شہدائےکشمیر کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے اور بے گناہ عوام، قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بدترین مظالم کا نشانہ بن رہی ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ مقبوضہ وادی میں پیلٹ گنز کا  استعمال کرکے کشمیریوں کو بصارت سے محروم کرنا ، بھارتی فوج  کا  پیلٹ گنز کو مہلک ہتھیارسمجھنے کے بجائے بے دریغ نہتے عوام کے خلاف استعمال کرنا، بھارتی مظالم اور بربریت کا منہ بولتا  ثبوت ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ گھر گھرتلاشیوں اور چھاپوں کے نام پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیاجارہا ہے۔تین دہائیوں میں ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج شہید کرچکی ہیں ۔ جنسی تشدد کو بھارتی افواج ظلم کے ہتھکنڈے کے طورپر تحریک آزادی کو کچلنے کے لئے استعمال کررہی ہے، گھروں کو   مسمار اور نذرآتش کرنا اور  محاصرے کے نام پر  خواتین کو بے آبرو کرنے کا قابل مذمت ہے۔ ۔

  وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو جانچنے کے لئے آزادتحقیقاتی کمشن تشکیل دیاجانا ضروری ہے تا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائی جائے۔وزیر خارجہ نے شہداءکے خاندانوں، بچوں اور ورثاءکے غم میں شریک ہونے  اور انصاف کے حصول کے مطالبے میں آواز اٹھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اے پی پی/حمزہ/قراۃالعین

سورس: وی این ایس، لندن