خیبرپختونخواہ میں سیاحت کے  فروغ کیلئے  خصوصی اقدامات کر رہے ہیں:وزیر اعظم عمران خان

251

اسلام اباد،  06  فروری  (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے  کہ خیبرپختونخواہ  میں سیاحت کوفروغ  دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں جس سے صوبے میں مزید خوشحالی آئے گی، انہوں نے   ہدایت کی کہ سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے اس بات پر خصوصی توجہ دی جائے گی کہ مقامی لوگوں کو کاروبار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں ۔

تحریک انصاف ہزارہ ڈویژن کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں خیبرپختون خواہ میں غربت میں کمی کی وجہ سیاحت کا فروغ ہے، سیاحت کے پوٹینشل کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان  نے کہا کہ صوبوں کے اندر مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں تفریق ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مستحکم کیا جائے اور فنانس ایوارڈ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کم ترقی  یافتہ  علاقوں کو ترقی کے لیے مناسب وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیراعظم نے  صوبوں میں سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ اور خصوصاً ویسٹ ٹو انرجی پر توجہ دینے کی ضرورت پر   بھی زور  دیا  ۔

ملاقات میں ممبران قومی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں کی عوام کو درپیش مسائل سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔

ملاقات میں وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، پرنس نواز الائی، صالح محمد، علی خان جدون اور عظمی ریاض ،معاون خصوصی نعیم الحق، ترجمان ندیم افضل گوندل، ملک عامر ڈوگر اور ارشد داد بھی ملاقات میں موجود  تھے۔

اے پی پی/حمزہ/قراۃالعین

سورس:  وی این ایس اسلام آباد