پاکستان کے مثبت رویے سے بھارتی ذہنیت میں تبدیلی کی توقع نہیں، جنرل ریٹائرڈاحسان الحق

242

 اسلام آباد، 20 فروری (اے پی پی):سابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ریٹائرڈ احسان الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے مثبت رویے کا بھارت کی ذہنیت پر کوئی اثر نہیں ہوا اور نہ ہی اسے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جنرل احسان الحق کا کہنا تھا کہ بھارتی رویے پرپاکستان نے ہمیشہ مثبت طریقہ اختیار کیا اور معاملات کو مثبت سوچ سے حل کرنے کی کوشش کی مگر بھارت نےکبھی بھی پاکستان کو مثبت سوچ سے جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد موجودہ ٹینشن کی زمہ داربھارت میں وہ ہندووانا ذہنیت ہے جس کے تحت وہ خطے میں اجارہ داری چاہتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا دشمن کو کبھی کمزور نہیں سمجھنا چاہیے۔ سیاسی، سفارتی اور عسکری لحاظ سے پاکستان کو ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔ جنرل ریٹائرڈ احسان الحق نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں۔ بھارت کویہ بات سمجھنی چاہیے کہ ایٹمی طاقت کو جنگ لڑنے کے لئیے نہیں بلکہ جنگ سے بچنے کیلئے استعمال کیا جا تا ہے۔  انکا  کہنا تھا  کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات  کی ایک تاریخ  ہے جب بھی  بھارت  کے بارے میں  بات کریں  تو اس تاریخ کو ہمیشہ  ذہن میں  رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نا صرف ایٹمی طاقتیں بلکہ غیر ایٹمی طاقتیں بھی اب جنگوں کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

 

اے پی پی / حمزہ رحمٰن/حامد

وی این ایس،اسلام آباد