اسلام آباد، 30 ستمبر )اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک مرحوم کی رہائش گاہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور بلندیِ درجات کے لیے دعا کی۔ انہوں نے چوہدری محمود بشیر ورک مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک مرحوم کا شمار زیرک، باصلاحیت اور متحرک پارلیمنٹیرین میں ہوتا تھا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک کی وفات سے قومی اسمبلی ایک تجربہ کار اور متحرک رکن سے محروم ہوگئی ہے، جبکہ ان کی پارلیمانی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔











