حکومت بے سہارا بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے:وزیر اعلیٰ پنجاب

574

لاہور،6 مارچ (اے پی پی):  وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بےسہارا بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، تحریک انصاف کی حکومت لاوارث بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد سے ملاقات میں کہا کہ بے سہارا بچوں کیلئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔پنجاب حکومت چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کو پوری سپورٹ فراہم کرے گی ،بچوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنا معاشرتی المیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گداگری کے خلاف مہم کے دوران بھکاری بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو منتقل کیا جائے گا اوربھکاری بچوں کی ہرممکن دیکھ بھال کی جائے گی ،ان بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد کو دیگر اضلاع کے دورے کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے بے آسرا بچوں کیلئے اقدامات کے بارے میں عوام میں آگہی مہم چلائی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بے سہارا بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم و تربیت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے، بے سہارا بچوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کیلئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کو مزید موثر ادارہ بنایا جائے گااور  چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کو خوب سے خوب تر ادارہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

وی این ایس لاہور