خیبرپختونخوا کے پہلے سٹیٹ آف دی آرٹ برنز اور پلاسٹک سرجری ہسپتال  کا افتتاح ہوگیا:اے پی پی کی خصوصی رپورٹ

239

پشاور، 05مارچ(اے پی پی):  ملک کے سب سے بڑے اور خیبرپختونخوا کے پہلے سٹیٹ آف دی آرٹ برنز اور پلاسٹک سرجری ہسپتال کا وزیراعلی خیبر پختونخواہ محمود خان   نے آج باقاعدہ افتتاح  کردیا۔ یہ ہسپتال 120بیڈز پر مشتمل ہے جس میں 60بیڈز آگ سے جھلسنے والے مریضو ں اور 60بیڈز مختلف وجوہات کی وجہ سے ٹراما کے شکارمریضوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ ہسپتال کا برنز اور پلاسٹک سرجری سنٹر جدید آلات سے لیس ہوگا اور اس سنٹر میں مریضوں کو تمام ترطبی سہولیات مہیا ہوں گی۔

یہ سنٹر جدید لیبارٹریز ، آپریشن تھیٹرز، پلاسٹک سرجریزاور دیگر تمام تر جدید طبی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔آگ سے جھلسنے اور اس قسم کے مریضوں کو اب اسلام آباد یا کھاریاں علاج کے لئے نہیں جانا پڑے گا۔اس سنٹر میں ٹوٹل آٹھ جدید آپریشن تھیٹر ہیں جس میں چھ آپریشن تھیٹر مکمل طور پر فعال ہیں اور باقی دو بہت جلد فعال ہو جائیں گے، یہ سنٹر مکمل طور پر کمپیوٹرائز ہے۔ بنوں ، کوہاٹ ، افغانستان، ایبٹ آباداور مٹہ میں اس سنٹر کی ذیلی شاخیں کھولی گئی ہیں اور یہ سنٹر چوبیس گھنٹے ان ذیلی سنٹرسے منسلک ہوگا۔ اس سنٹر میں ویڈیو کانفرنسنگ کی سہولت بھی موجود ہے جس کے ذریعے ذیلی سنٹر ز کو کسی بھی قسم کی معاونت براہ راست فراہم کی جاسکتی ہے۔ اسی طرح افغانستان اور دوسرے ذیلی سنٹرز میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پلاسٹک سرجنز کو ٹریننگ دی جائیگی۔  اس سنٹر میں ان مریضوں کا بھی علاج کیا جائیگا جن کے پیدائشی طور پر مختلف جسمانی اعضاء نا مکمل ہو یا بم بلاسٹ اور دوسرے حادثات کیوجہ سے جسمانی اعضاء خراب ہوئے ہو، سنٹر میں ان مریضوں کے جسمانی اعضاء کی بحالی بھی ممکن بنائی جائیگی۔

برن اینڈ پلاسٹک سرجری سنٹر کے ساتھ صوبے کے 26 اضلاع میں مزید 200 ذیلی سنٹرز اٹیچ کرنے کی گنجائش ہے۔ اب تک اس سنٹر میں 2000 سے زیادہ مریضوں کا علاج ہوا ہے۔ اس سنٹر کے لئے شوکت خانم کے طرز پر فنڈ اکٹھا کرنے کے لئے انتظامی طور پر قدم اٹھائے جائیں گے تاکہ یہاں پر غریب اور مستحق مریضوں کا علاج فری ہوسکے۔

صوبائی حکومت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی فنڈنگ سے نومبر 2017میں اس منصوبے پر کام شروع کیاتھا اور ایک سال کی مختصر مدت میں یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔

وی این ایس، پشاور