وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کا دو طرفہ  تعاون  بڑھانے پر اتفاق

190

اسلام آباد، 12 مارچ  (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ تعاون  بڑھانے پر اتفاق  کیا  ہے ۔

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے ہمراہ مشترکہ  پریس  بریفنگ سے خطاب میں وزیر خارجہ  شاہ محمودقریشی  نے کہا کہ جرمنی ،یورپین یونین کا انتہائی اہم ملک ہے ،ہم نے متعدد شعبوں میں پاکستان اور جرمنی کے مابین تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

 شاہ محمود قریشی  نے بتایا کہ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس سے ملاقات میں  باہمی دلچسپی کے بہت سے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو کی  گئی۔ ٹورازم کے فروغ اور دونوں ممالک کے سیاحوں کے لئے ویزہ سہولت میں آسانی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور پاک جرمن سکولوں کے قیام کے حوالے سے گفتگو بھی  زیر  غور   رہی  ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی   نے بتایا کہ آرمی پبلک سکول میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان کی کامیابیوں کے حوالے سے بھی جرمن وزیر خارجہ کو آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے بھی  گفتگو کی   ۔  وزیر خارجہ  نے کہا  کہ ہم نے پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان کی طرف سے جارحیت اور خطے میں امن و امان کی کشیدہ صورتحال پر بھی  تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی    نے کہا کہ ہم تمام سٹیک ہولڈرز سے کہہ رہے ہیں کہ بامقصد مذاکرات کو جاری رکھیں، ان مذاکرات کے حتمی مرحلے میں افغان حکومت کی شمولیت ضروری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ  پاکستان ایک مدت سے یہی کہتا آ رہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہے خدا کا شکر ہے کہ اب ہمارے نقطہ  نظر کو پذیرائی مل رہی ہے اور مذاکرات جاری ہیں ۔

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین دیرینہ دو طرفہ تعلقات ہیں ، جرمن پاکستان کا اہم دوست ملک ہے، ہم تجارت معیشت اور تعلیم کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون جاری رکھیں گے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے اور  بہت سی جرمن کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ہم  نے آج اقتصادی اور تجارتی تعاون کے حوالے سے  بھی گفتگو کی ۔

میڈیا  کی طرف سے اٹھائے  گئے سوالوں  کے جواب  میں  ہائیکو ماس  نے کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان کی کشیدگی کے خاتمے کیلئے امن کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔پاکستان  افغانستان کا ہمسایہ ہونے اور خطے کا اہم ملک ہونے کے ناطے افغان امن عمل میں قیام امن کے لئے موثر کردار ادا کر رہا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے پاک بھارت کشیدگی کے باعث خطے میں امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی ۔انہوں نے مزید  کہا کہ  ہم پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں  اور ہم  ہندوستان کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں  کیونکہ  ہماری کوشش ہے کہ یہ کشیدگی کم ہو۔

جرمنی وزیر خارجہ نے کہا کہ   مجھے وفد کے ہمراہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ۔

وی این ایس، اسلام آباد