اسلام آباد، 09 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر براے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم نے بھارت کو تحقیقات کی پیشکش کی لیکن بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ، پاکستان نے خطے میں امن کیلئے اقدامات کیے ہیں جبکہ مودی انتخابات کیلئے جنگ کا ماحول پیدا کرنا چاہ رہا ہے۔
وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان بھارت کے درمیان حقیقی مسئلہ ہےجس پر بات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو کہا ہے آپ ایک قدم بڑھاؤ ، ہم دو بڑھائیں گے۔
فواد چوہدی کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کر رہا ہے اور ہمیں کمزور کرنےکی ناکام کوششیں کر رہا ہے۔پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم جانتے ہیں کہ کیسے لڑا جاتا ہے ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسائل کا واحد حل بات چیت ہی ہے ،ہم پڑوسی ہیں ،ہمارے پاس تین آپشنز تھے ، 70سال میں تین جنگیں لڑ چکے ہیں،ایک اور بھی لڑ سکتے ہیں، دوسرا آپشن ہے ہم ایک دوسرے کو کمزور کرنے کیلئے کام کرتے رہیں اور تیسرا آپشن ہے کہ دونوں ممالک مل کر بات کریں اور دہشتگردی کیخلاف پارٹنر بن جائیں اور پاکستان بھارت کو تیسرے آپشن کی پیشکش کر رہا ہے ۔
وی این ایس اسلام آباد