ہمارا ہدف اور مقصد حجاج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے: پیر نورالحق قادری

224

پشاور، 27 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ ہمارا ہدف اور مقصد یہ ہے کہ اپنے حجاج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں۔ حج کی تیاریوں کےسلسلے میں وزارت حج اور ہوپ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

پشاور میں وزارت مذہبی امور اور حج آرگنائرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام میڈیا آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ کوششیں ہے کہ اپنے حجاج کو تربیت یافتہ کر کے حج پر بھیجیں۔ باقی ملکوں کے حاجی زیادہ آرگنائزڈ اور تربیت یافتہ ہوتے ہیں۔ حاجی اپنے ملک کا سفیر ہوتا ہے ۔

وفاقی وزیر مذہبی  نے کہا کہ سفر حج کے لئے قرآن میں واضح ہدایات ہیں،لڑائی جھگڑا اور فحش گوئی سے اجتناب اور صفائی اور پاکیزگی کا حکم دیا گیا ہے۔ علمی تربیت کے ساتھ سفر کے آداب سے آگاہی ضروری ہے۔ پچھلی حکومت نے ایک دفعہ حج پر سبسڈی دی، الیکشن کا سال ہونے کی وجہ سے حج پر 43 ہزار روپے کی سبسڈی دی گئی اور 2087 میں  2017 کا ریٹ مقرر کیا گیا۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی اور سعودی عرب میں نئے ٹیکسوں کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہوا۔ کچھ لوگ اپنے لئے اضافی سہولیات چاہتے ہیں جن کے لئے پرائیوٹ حج آپریٹرز مختلف پیکجز دے رہے ہیں۔ ہمارے لئے سارے حاجی برابر ہیں چاہے سرکاری سکیم کے ہوں یا پرائیویٹ سکیم کے۔

انھوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے رمضان المبارک سے پہلے اوقات نماز کا ایپ لانچ کریں۔ اس سلسلے میں جئید علماء کرام سے مشاورت کی جائے گی۔

وی این ایس ، پشاور