یوم پاکستان کا دن ہمیں پاکستان کے لئے عملی جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے: گورنر سندھ عمران اسماعیل

202

کراچی،مارچ23(اے پی پی ): گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان کے لئے عملی جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے اور یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ کسطرح قائد اعظم محمد علی جناح کی عظیم قیادت میں تمام تر سازشوں کے باوجود مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔

 گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اورصوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ بابا ئے قوم کو خراج عقیدت پیش کر نے کے لئے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں عظیم رہنما کے لئے اپنے تاثرات بھی درج کئے ۔

حاضری کے بعد میڈیا کے گفتگو کر تے ہوئے گور نر سندھ نے  کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان لازوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہواہے اور آج کے دن ہمیں ملکی استحکام ، اتحاد و اتفاق کا عزم دہرانا چاہئے ۔

 گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ہمیں اس بات پر بھی پورا یقین ہے کہ پاکستان کی سربراہی ایماندار ، دیانتدار اور مخلص وزیر اعظم کے ہاتھوں میں ہے اور آج کا پاکستان ماضی سے کہیں زیادہ بہترہے جہاں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں اوروہ وقت دور نہیں جب دنیا میں ہر طرف پاکستان کا نام ہوگا۔

وی این ایس، کراچی