لیجنڈری فٹ بالر آئن رُش کی لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا سے ملاقات

492

اسلام آباد، 17 اپریل (اے پی پی): لیجنڈری فٹ بالر آئن رُش نے پاکستان روانگی سے قبل بدھ کو لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا سے ملاقات کی، آئن رُش فٹ بال کو فروغ دینے کی غرض سے رواں ہفتے پاکستان کے دورہ پر آ رہے ہیں۔

ہائی کمیشن آمد پر پاکستانی ہائی کمشنر نے فٹ بالر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا،ہائی کمشنر نے آئن رُش کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی زیادہ تر آبادی باصلاحیت نوجوانوں پر مشتمل ہے جسے پیشہ وارانہ سطح پر بین الاقوامی کھیل فٹ بال کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی عالمی فٹ بال کھیل کا حصہ ہے کیونکہ دنیا کے بہترین فٹ بال پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں تیار کئے جاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ پاکستانی فٹ بال کو فیفا 2014ءاور 2018ءعالمی کپ کیلئے آفیشل فٹ بال قرار دے چکا ہے،ہائی کمشنر نے آئن رُش اور ان کی ٹیم کو پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 آئن رُش کا شمار لیور پول کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، دنیا بھر میں گراس روٹ سطح پر فٹ بال کا فروغ ان کا بنیادی مقصد ہے، وہ پاکستان میں فٹ بال کو فروغ دینے کیلئے فٹ بال فاﺅنڈیشن آئی آر 9 قائم کریں گے۔

سورس: و ی این ایس اسلام آباد