وزیر اعظم عمران خان کا گھروں میں کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے سے متعلق قوانین پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت

218

اسلام آباد ، 12 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کی جانب سے مزدوروں خصوصاً گھروں میں کام کرنے والے افراد کے حوالہ سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ گھروں میں کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے سے متعلق قوانین پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی جائے، مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کےلئے قوانین بنانا ہی کافی نہیں، اصل چیلنج ان قوانین پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو پنجاب لیبر پالیسی اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان نیازی، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، صوبائی سیکرٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ و دیگر افسران شریک تھے۔ وزیراعظم کو مزدوروں کے حقوق اور عزت نفس کے تحفظ، سازگار ماحول کی فراہمی اور ورکرز کی خوشحالی کے حوالہ سے پنجاب حکومت کی جانب سے تشکیل جانے والے مختلف قوانین پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان قوانین میں پنجاب آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایکٹ 2019ئ، پنجاب ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2019ئ، پنجاب کم سے کم اجرت ایکٹ 2018ئ، پنجاب ہوم بیسڈ ورکرز ایکٹ 2018ئ، پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ 2019ءاور کمپنیز پرافٹ ایکٹ2019ءشامل ہیں۔ وزیر اعظم کو ان قوانین پر پیشرفت کے حوالہ سے بتایا گیا۔ اجلاس میں مزدوروں اور لیبر کی فلاح و بہبود کےلئے اٹھائے جانے والے دیگر اقدامات بشمول لیبر کالونیوں میں الاٹمنٹ میں شفافیت اور اسے منظم بنانے کے سلسلہ میں اقدامات، ویلفیئر گرانٹس کی تقسیم اور پنجاب ویج بورڈ کی جانب سے مزدوروں کےلئے کم سے کم اجرت کو بڑھانے کے حوالہ سے بھی زیر غور تجویز سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کی جانب سے کاروبار کو آسان بنانے کے ضمن میں رجسٹریشن کے عمل کو آن لائن کر دیا گیا۔ رجسٹرڈ شدہ ریٹائرڈ ورکرز کو ہیلتھ انشورنس مہیا کرنے کی سکیم بھی زیر غور ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے ہسپتالوں میں مرحلہ وار ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے ۔ پنجاب میں مزدوروں کےلئے ”لائلٹی سکیم“ کے تحت مزدوروں کے سپیشل کارڈز بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس کے تحت رجسٹرڈ شدہ مزدوروں کو یوٹیلیٹی سٹورز اور ریلوے میں رعایت دینا مقصود ہے۔ : سورس:وی این ایس ،اسلام آباد