پاکستان اور امریکہ کا افغانستان میں مصالحتی عمل کیلئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

245

اسلام آباد ، 5 اپریل (اے پی پی): پاکستان اور امریکہ نے افغانستان میں مصالحتی عمل کیلئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعہ پاکستان اور امریکا کے درمیان یہاں وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران پایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد اور پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی جبکہ وزارت خارجہ امور اور دفاع کے سینئر حکام نے ان کی معاونت کی۔ مذاکرات میں افغان مفاہمتی عمل میں ہونے والی پیش رفت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ نے وفد کو حال ہی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت کے بارے میں بھی بریف کیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے افغان امن کوششوں سے متعلق مزید پیشرفت کے حوالے سے باہمی باہمی دلچسپی کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور مصالحتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 قبل ازیں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کی قیادت میں وفد کا سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے وزارت خارجہ پہنچنے پر خیر مقدم کیا۔ وفود کی سطح پر مذاکرات میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان مفاہمتی عمل سے متعلق اب تک ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

سورس وی  این ایس ، اسلام آباد