پچھلے دور حکومت میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو معاشی طور پر ناقابل تلافی نقصان ہوا،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہی ہم ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

251

راولپنڈی ، 11 مئی (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہی ہم ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے،پناہ گاہیں بنانے کا وژن وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کا تھا، وہ دن دور نہیں جب یہ لوگ پناہ گاہوں کی بجائے اپنے گھروں میں مقیم ہوں گے،پچھلے دور حکومت میں حکمرانوں نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا، عمران خان غریب عوام کی آواز بن کر سامنے آئے،پچھلے دور حکومت میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو معاشی طور پر ناقابل تلافی نقصان ہو ا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں راجہ بازار، فوارہ چوک میں قائم پناہ گاہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر یہاں پناہ گاہ کے دورے پر آئی ہوں،وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں ہدایات کی تھیں کہ وفاقی وزیرا افطاری اور سحری میں لوگوں میں نظر آئے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پناہ گاہیں بنانے کا وژن وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کا تھا،غریب لوگوں کو چھت فراہم کرنا یہ عمران خان کا وژن تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ مہنگائی ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ مہنگائی کن لوگوں کی وجہ سے ہوئی ہے ،پچھلے دور حکومت میں حکمرانوں نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا ، عمران خان غریب عوام کی آواز بن کر سامنے آئے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پچھلے دور حکومت میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو معاشی طور پر ناقابل تلافی نقصان ہو ا، وزیر اعظم عمران خان غریب لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے تمام کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہی ہم ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے، وہ دن دور نہیں جب یہ لوگ پناہ گاہوں کی بجائے اپنے گھروں میں مقیم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عبدالقادر یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے تنقید بلا جواز ہے انہیں اپنے دورحکومت کا حساب بھی دینا ہے۔

سورس:وی این ایس ، راولپنڈی