بجٹ۱۱ جون کو پیش کیا جائیگا ، بجٹ میں ہماری توجہ معیشت کی بہتری اور بیرونی قرضے ہونگے: فردوس عاشق اعوان

276

اسلام آباد، 28 مئی( اے پی پی ): معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا  ہے کہ بجٹ۱۱ جون کو پیش کیا جائیگا ، بجٹ میں ہماری توجہ معیشت کی بہتری اور بیرونی قرضے ہونگے۔

منگل کے روز یہاں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بریفنگ کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کرتے  ہوئے فردوس عاشق اعوان نےبتایا   کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اب تک کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور وزارتوں اور ڈویژن  نے سرکاری املاک کی تفصیلات اجلاس میں پیش کیں۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے انٹرنیٹ کے غلط استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا، متعلقہ حکام کو بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔

انھوں نے کہاکہ کابینہ نے شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ حملے کی مذمت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس ہو گی، پاکستان نے قبائلی علاقوں میں قیام امن کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

وی این ایس ، اسلام آباد