جدہ : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقات  ، دوطرفہ تعاون بڑھانے  پر تبادلہ خیال

283

جدہ(سعودی عرب )30 مئی (اے پی پی ):  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیاکے باہمی تعلقات بہت گہرے اور مضبوط ہیں، ملائشیا کے صدر ڈاکٹر مہاتیر محمد کے حالیہ دورہ ء پاکستان کے نقوش ابھی تک ہمارے ذہنوں میں ترو تازہ ہیں۔ پاکستانی حکومت دوستانہ کاروباری پالیسیوں پر عمل پیرا ہے-

ان خیالات کا اظہار  وزیر خارجہ نے  جدہ میں جاری او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ سے ملاقات  میں کیا ، دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے  پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات حوصلہ افزا ہیں ، انہیں ہم مزید آگے لے کر  جانا چاہتے ہیں ۔دونوں ممالک کی قیادت کی طرف سے حالیہ دوروں کے نتیجے میں یہ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔

 انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیاکے درمیان اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ موجود  ہے  جس کو مزید فعال بنایا جائے گا  ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس فورم بھی موجود ہے جس کے ذریعے دوطرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ  ہو سکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ملائیشین کمپنیاں ،رئیل اسٹیٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی،ہوا بازی اور حلال فوڈ سمیت کثیر الجہتی شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے فائدہ اٹھا سکتی ہیں ۔ملائیشیا کی رئیل اسٹیٹ سے وابستہ بڑی کمپنیاں وزیر اعظم عمران خان کے” پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر ” کے منصوبے میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں ۔

ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے  مخدوم شاہ محمود قریشی  کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرئے گی۔ دونوں ممالک نے  بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

 وی این ایس جدہ