وزیر اعظم کا غریبوں کے لئے پناہ گاہوں کا قیام فلاحی  ریاست کی طرف ایک عملی قدم 

311

اسلام آباد، 30  مئی   (اے پی پی):  وزیر اعظم کا غریبوں کے لئے پناہ گاہوں کا قیام فلاحی  ریاست کی طرف ایک عملی قدم  ہے۔ پاکستان میں طرز حکمرانی پر بات کی جائے تو بڑی بڑی باتیں تو بہت کی گئیں مگر عام آدمی کی فلاح وبہبود کے لئے کام نہ ہونے کے برابر رہا۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا خواب بھی ایک فلاحی اسلامی مملکت کا قیام تھا ۔ ایک ایسی ریاست جس میں سب طبقات کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا۔

وزیر اعظم عمران خان اپنے اقتدار کو ایک فلاحی  ریاست کے طور پر پیش کرتے ہیں ۔ بے گھر لوگوں کیلئے شیلٹر ہوم منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کو ایسی فلاحی ریاست بنائیں گے جس کی مثال دی جائے گی اور کھلے آسمان تلے رات بسرکرنے والوں کے لئے  ‘‘پناہ گاہ’’ کا سنگ بنیاد اس کی جانب پہلا قدم ہے،  بہت سے شہروں میں منصوبوں پر کام کا آغاز بھی ہوچکا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان خود ان پناہ گاہوں کی تعمیر کا افتتاح کرچکے ہیں ۔

موجودہ حکومت کے اب تک کے اقدامات میں اس سوچ کی جھلک ملتی ہے جو  فلاحی ریاست  کی طرف جاتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے لاہور سے سڑک چھاپ بے آسرا لوگوں کو عارضی پناہ گاہوں میں لے جانے کا جو کار خیر شروع کیاتھا،  وہ اب  لاہور اسلام آباد  سمیت ملک بھر میں شروع ہوچکا ہےاب ان پناہ گاہوں میں عملی طو رپر مرد و خواتین او ربچے بچیاں رات گزراتے ہیں او ران کو عزت و احترام کے ساتھ نہ صرف رہائش دی جارہی ہے بلکہ سونے کے لیے چادریں بستر ، کمبل یا رضائیاں، تکیے سمیت  تین وقت کا مفت کھانا بھی فراہم کیا جارہا ہے ۔

ان پناہ گاہوں میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہاں رہائش پذیر لوگوں کے  چہروں پر جھلکتا آرام و سکون اس بات کی عکاسی کر رہا ہے کہ وہ حکوت کے اس اقدام سے بہت خوش ہیں۔ شیلٹر ہوم کی تعمیر کا مقصد ایسے لوگوں کی عزت نفس کو بحال کرنا ہے جو کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔

ابتدا ہی میں ان پناہ گاہوں میں جو سہولتیں دی جارہی ہیں وہ کافی معیاری ہیں او ر ان کاموں کی نگرانی بھی کی جارہی ہے تاکہ یہ پناہ گاہیں محض نمائشی نہ بن جائیں ۔ سیاست او رجمہوریت کا مقصد اقتدار کی سیاست نہیں ہوتا بلکہ اس کے پچھے اصل مقصد انسانی خدمت کا ہوتا ہے ۔ جو حکومتیں انسانوں پر سرمایہ کاری کرتی ہیں وہی حکمران عوامی ساکھ قائم کرتے ہیں اور موجودہ حکومت نے یہ کام کرکے ایک اچھی مثا ل قائم کی ہے ۔

 وی این ایس اسلام آباد