وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی : وفاقی وزیر داخلہ

168

اسلام آباد ، 20 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا  ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی۔   ا س بات کا اظہار  انہوں  نے پیر کو وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں  کیا  ، ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان اورسکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال سمیت امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کرنے  کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔  ملاقات میں امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا، صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنائے جانے کا بھی  فیصلہ کیا گیا  ۔ ملاقات میں باہمی اتفاق کیا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔

 ملاقات کے دوران وزیراعلی پنجاب   نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کومزید بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا اور  صوبے میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ  نے پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کرنے  کے حوالے سے آگاہ کیا ۔

ملاقات میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی موجود تھے۔