وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اہم کویتی بزنس مینوں کے وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات

243

کویت،19مئی(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  اہم کویتی بزنس مینوں کے وفد کے ساتھ یہاں  اتوار کے روز خصوصی ملاقات کی۔

وفد میں میں چیرمین نیشنل انڈسٹریز گروپ(NIG) سعد محمد السعد، سنرجی ہولڈنگ کمپنی کے سی ای او نصیر بدر احمد الاشرحان،الیکٹرانک ٹریڈنگ کمپنی کے ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ نصر عبدالمحسن ال ماری،  کویت فنڈ برائے عرب اقتصادی ترقی مسٹر علی علغنیم ،کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کے مسٹر محمد علی،ابو شائیبا گروپ آف کمپنیز کے سربراہ ابو شیبا،ابواب کیپٹل کے معاون بانی کاشف خان شامل تھے۔

وفد سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پاکستان،کویت کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے میرے اس دورے کا مقصد اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کویت سے تعلق رکھنے والی بہت سی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے کاروبار کرتی چلی آ رہی ہیں،پاکستان میں موجودہ تحریک انصاف کی حکومت بزنس انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے،ہماری خواہش ہے کہ مزید  کویتی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور  اس ایجنڈے کی تکمیل میں ہماری معاونت کریں ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے، کویتی بزنس کمیونٹی کے وفد کو یقین دلا تے ہوئے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے،ہم اقتصادی سفارتکاری کا آغاز کر چکے ہیں پاکستان کے تمام سفارت خانوں کو اس بابت خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ موثر  سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود کاروباری مواقعوں سے آگاہ کریں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آمادہ کریں۔

سورس:وی این ایس اسلام آباد