وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے ملاقات

299

جدہ،30مئی (اے پی پی ):سعودی عرب میں جاری او آئی سی  وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات کثیر الجہتی ہیں کیونکہ یہ حکومت سے حکومت،عوام سے عوام اور دل سے دل تک ہیں۔ دونوں ممالک نے مشکل وقت میں کھل کر ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا پلوامہ واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکی نے کھل کر پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔بہت سے بین الاقوامی  مسائل کے حوالے سے پاکستان اور ترکی کے نقظہ نظر اور سوچ میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 2005 کا زلزلہ ہو یا 2010 کا سیلاب، ترکی ہمیشہ بھائیوں کی طرح پاکستان کی معاونت کو پہنچا۔

ترک وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ 15 جولائی 2016 کو ترکی پر آمریت کے ناکام حملے کے  بعد پاکستان نے  سب سے پہلے ترکی کی حکومت اور صدر رجیب طیب اردگان کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔13 دسمبر 2018 کو پاکستان کی سپریم کورٹ کا گولن کی تنظیم کو دہشت گرد قرار دینا قابل تحسین ہے۔

ملاقات میں فریقین  نے دوطرفہ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

سورس: وی این ایس ، اسلام آباد