پاکستان اور روس کا خلاء کو فوجی تصادم کا میدان نہ بنے اور خلائی سرگرمیوں میں سلامتی کو یقینی بنانے  کا عزم

435

بشکیک، 22 مئی (اے پی پی):پاکستان اور روس نے قرار دیا ہے کہ وہ خلاءمیں کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی تنصیب میں پہل نہیں کریں گے، ہر ممکنہ کوشش کریں گے کہ خلاءفوجی تصادم کا میدان نہ بنے اور خلائی سرگرمیوں میں سلامتی کو یقینی بنایاجائے۔ اس حوالے سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاروف نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے۔ یہ اعلامیہ پاکستان اور روسی فیڈریشن کی طرف سے بشکیک میں جاری کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق روسی فیڈریشن اور اسلامی جمہوریہ پاکستان خلاءمیں موجود اقوام پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے ان کی مثال کو اپنائیں۔ خلاءمیں ہونے والی سرگرمیاں ریاستوں کی سماجی، معاشی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کی ترقی کا اہم ذریعہ ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ ان کا عالمی اور علاقائی سلامتی برقرار رکھنے میں بھی کردارہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ خلاءکو عالمی قانون کے مطابق معاشی، سائنسی یا ٹیکنالوجی میں ان کی ترقی سے قطع نظر اقوام کی بہتری کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔ دونوں ممالک اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 2 میں درج عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ خلاءمیں سرگرمیوں سمیت طاقت کے استعمال سے عالمی تعلقات سے احتراز برتا جائے اور اس تصور پر کاربند ہوں کہ ریاستیں سختی سے اس پالیسی پر عمل پیرا ہوں گی۔ اس امر پر زور دیتے ہیں کہ خلاءمیں اسلحہ کی دوڑ بشمول ہتھیاروں کی تنصیب اور ان کے استعمال سے بچاؤ کا عالمی معاہدہ بین الاقوامی برادری کی ترجیح ہے۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے قرار دیا ہے کہ وہ خلاءمیں کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی تنصیب میں پہل نہیں کریں گے اور یہ کہ وہ ہر ممکنہ کوشش کریں گے کہ خلاءفوجی تصادم کا میدان نہ بنے اور خلائی سرگرمیوں میں سلامتی کو یقینی بنایاجائے۔

وی  این ایس، اسلام آباد