پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے  اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں رہے گا: مخدوم شاہ محمود قریشی

315

اسلام آباد ، 24 مئی (اے پی پی ): وزیر  خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے  اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں رہے گا۔ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے.تمام سٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران اور پاکستان کے مابین وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کرتے ہوئے کیا ، مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پاکستانی وفد کی قیادت مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ ایرانی وفد کی قیادت ایرانی وزیر خارجہ  جواد ظریف نے کی۔

فریقین نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ایران کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ  خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وی این ایس ، اسلام آباد