حج کوٹے میں اضافے کے بعد اس سال 2لاکھ پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کرینگے: ڈائرکٹر جنرل پاکستان حج مشن ڈاکٹر ساجد یوسفانی

466

جدہ،29جون(اے پی پی):سعودی عرب میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ حج کوٹے میں اضافے کے بعد اس سال 2لاکھ پاکستانی عازمین فریضئہ حج ادا کرینگے، انکی رہائش اور تینوں وقت کھانے پینے کی فراہمی کے علاوہ حرم شریف آمدورفت کیلئے چوبیس گھنٹے بس شٹل سروس فراہم کی جائیگی۔

جدہ میں اے پی پی   سے گفتگو کرتے ہوئےڈائرکٹر جنرل حج نے کہا کہ 214 حجاج کا پہلا قافلہ 4 جولائی کی صبح لاہور سے مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا جبکہ دوسرا قافلہ 5 جولائی کو 393 عازمین کو لیکر کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پہنچے گی، جہاں امیگریشن، کسٹم کلیئرنس اور دیگر سہولتیں فائنل کرلی گئی ہیں۔

ڈاکٹر یوسفانی نے بتایا کہ  اس سال روڈ ٹو مکہ کی سہولتیں بھی اسلام آباد سے آنے والے 14800 عازمین کو ملیں گی، اس سسٹم کو آپریشنل کرنے کیلئے 50 افراد پر مشتمل ایک سعودی ٹیم اسلام آباد پہنچی ہے۔

ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے اس سے قبل روڈ ٹو مکہ کانفرنس اور مشاعر ون کانفرنس میں بھی شرکت کی جہاں حج انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے.

وی این ایس، جدہ